پی ٹی آئی کی MQM سے اتحاد برقرار رکھنے کی کوششیں جاری

March 30, 2022


پاکستان تحریک انصاف کی ایم کیو ایم سے اتحاد برقرار رکھنے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں، پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم کو بتایا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غلط بیانی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کے ایم کیو ایم کی قیادت سے مسلسل رابطے جاری ہیں، پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم کو آفر کی ہے کہ ہماری حکومت آپ سے کیے ہر وعدے پر عمل کرے گی۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے پرانا ساتھ ہے، یہ ساتھ برقرار رہنا چاہیے، ق لیگ بھی ہمارے ساتھ ہے آپ بھی ساتھ رہیں۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنماؤں نے جواب دیا کہ ہم اپوزیشن سے بھی رابطے میں ہیں، اپنے مستقبل کا حتمی فیصلہ آج اجلاس میں کریں گے، آپ کی تجاویز اور یقین دہانی کو اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سینیٹر فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ کسی حد تک کہہ سکتے ہیں معاملات طے ہوگئے ہیں، تاہم توثیق رابطہ کمیٹی کرے گی۔

سینیٹر فیصل سبزواری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک معاہدہ ہونا ہے، ایک ایک نکات پر سیرحاصل بحث ہوئی ہے، معاہدے کے تمام نکات عوامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی سے معاہدے کی توثیق لیں گے، پیپلز پارٹی سی ای سی سے توثیق لے گی، معاہدے کا باضابطہ اعلان شام 4 بجے میڈیا کے سامنے ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد سے پہلے حکومت کو بڑا سرپرائز دیا، اہم اتحادی جماعت ایم کیو ایم (پاکستان) نے بھی حکومت کا ساتھ چھوڑ دیا، متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے، جس پر دستخط ہوگئے۔