ایم کیو ایم کے وزراء فروغ نسیم اور امین الحق نے اپنے استعفے وزیراعظم عمران خان کو بھیجوا دیے۔
فروغ نسیم اورا مین الحق کے استفعوں کی کاپی جیو نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔
فروغ نسیم نے وزیر قانون جبکہ امین الحق نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عہدوں سے استعفے دیے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر فروغ نسیم نے جیو نیوز کے اینکر شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ میں اور امین الحق کچھ دیر میں استعفے دے دیں گے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سینیٹر فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ کسی حد تک کہہ سکتے ہیں معاملات طے ہوگئے ہیں، تاہم توثیق رابطہ کمیٹی کرے گی۔
سینیٹر فیصل سبزواری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک معاہدہ ہونا ہے، ایک ایک نکات پر سیرحاصل بحث ہوئی ہے، معاہدے کے تمام نکات عوامی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی سے معاہدے کی توثیق لیں گے، پیپلز پارٹی سی ای سی سے توثیق لے گی، معاہدے کا باضابطہ اعلان شام 4 بجے میڈیا کے سامنے ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد سے پہلے حکومت کو بڑا سرپرائز دیا، اہم اتحادی جماعت ایم کیو ایم (پاکستان) نے بھی حکومت کا ساتھ چھوڑ دیا، متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے، جس پر دستخط ہوگئے۔
ایم کیو ایم نے تحریک عدم اعتماد کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، حکومتی اتحادی ایم کیو ایم کی جانب سے اپوزیشن کی حمایت کے بعد وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے قومی اسمبلی میں اکثریت کھودی ہے، حکومت کے قومی اسمبلی میں نمبر 164 رہ گئے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے نمبر 177 تک پہنچ گئے۔