• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاملات طے ہونے کی توثیق رابطہ کمیٹی کریگی، فیصل سبزواری


ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سینیٹر فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ کسی حد تک کہہ سکتے ہیں معاملات طے ہوگئے ہیں، تاہم توثیق رابطہ کمیٹی کرے گی۔

سینیٹر فیصل سبزواری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک معاہدہ ہونا ہے، ایک ایک نکات پر سیرحاصل بحث ہوئی ہے، معاہدے کے تمام نکات عوامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی سے معاہدے کی توثیق لیں گے، پیپلز پارٹی سی ای سی سے توثیق لے گی، معاہدے کا باضابطہ اعلان شام 4 بجے میڈیا کے سامنے ہوگا۔

فیصل سبزواری کاکہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ بھی معاہدہ تحریری کیا تھا، شہری لوگوں کے مفادات تھے، معاہدہ پبلک کیا تھا، اپوزیشن کے ساتھ ابھی جو معاہدہ ہوا ہے وہ بھی لکھا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی انتہا پسند نہیں ہیں، ہم نے تحریک انصاف کیساتھ اچھا وقت گزارا، کیا حاصل ہوا، نہیں ہوا، آگے کیا امکانات ہیں، حلقے کے مسائل کی روشنی میں مذاکرات کئے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ ایسا نہیں ہے ہمای تحریک انصاف سے دشمنی ہونے جارہی ہے، معاہدے میں سندھ اور خاص کر شہری حقوق کی بات ہے، معاہدے میں وزارتوں اور گورنر شپ کا کوئی ذکر نہیں۔

ایم کیو ایم رہنما کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو بلدیاتی تحفظات پر جلد از جلد قانونی سازی کرائیں گے۔

واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد سے پہلے حکومت کو بڑا سرپرائز دیا ہے، اہم اتحادی جماعت ایم کیو ایم (پاکستان) نے بھی حکومت کا ساتھ چھوڑ دیا، متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے، جس پر دستخط ہوگئے۔


قومی خبریں سے مزید