عثمان بزدار کا پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ منظور

April 01, 2022

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیرِاعلی سردار عثما ن بزدار کا استعفیٰ منظور کر لیا۔

دوسری جانب سردار عثمان بزدار کے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ سے استعفے کا متن منظرِ عام پر آ گیا۔

پنجاب کی کابینہ تحلیل

عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور ہونے کے بعد پنجاب کابینہ بھی تحلیل ہو گئی۔

اس معاملے پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے وزیرِ اعظم عمران خان سے حتمی اجازت بھی لی۔

کل نئے وزیرِ اعلیٰ کا انتخاب ہو گا

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے نئے قائدِ ایوان (وزیرِ اعلیٰ) کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل (2 اپریل کو) 11 بجے طلب کر لیا۔

استعفے کا متن

عثمان بزدار کی جانب سے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ سے دیے گئے استعفے میں کہا گیا ہے کہ جناب وزیرِاعظم آپ کا مشکور ہوں، آپ نے اعتماد کر کے وزیرِاعلیٰ کا عہدہ دیا۔

استعفے کے متن کے مطابق آپ کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہمیشہ کوشش کی، اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں۔

سردار عثمان بزدار نے اپنے استعفے میں وزیرِ اعظم کو مخاطب کر کے یہ بھی کہا ہے کہ آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، آئندہ بھی کھڑا رہوں گا، آپ کی قیادت میں ہمیشہ کام کرنا قابلِ فخر سمجھوں گا۔

گورنر پنجاب اسلام آباد کیوں گئے؟

اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے استعفے کے معاملے پر گورنر پنجاب چوہدری سرور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد میں سیاسی معاملات کو دیکھتے ہوئے عثمان بزدار کے استعفے پر غور کیا گیا۔

وزیرِاعظم عمران خان نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے استعفے سے متعلق ہدایات دیں۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کے حوالے سے وزیرِاعظم عمران خان کو آگاہ کیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گورنر پنجاب عثمان بزدار سے مل کر قانونی تقاضے پورے کر چکے ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کی جانب سے وزیرِ اعظم عمران خان کو پرویز الہٰی سے ملاقات اور نمبر گیم کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔