ترین گروپ اہم ہوگیا، حکومت اور اپوزیشن حمایت لینے کیلئے سرگرم

April 01, 2022

پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی ترین گروپ کی حمایت لینے کےلیے سرگرم ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن سابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر ترین گروپ سے ملاقات کے لیے رکن پنجاب اسمبلی نعمال لنگڑیال کے گھر پہنچے۔

ندیم افضل چن نے پی پی کی قیادت کا پیغام ترین گروپ کو پہنچایا ہے۔

دوسری طرف وفاقی وزیر مونس الہٰی نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے چوہدری پرویز الہٰی کا اہم پیغام ترین گروپ تک پہنچایا۔

مونس الہٰی نے ترین گروپ سے گفتگو میں کہا کہ آپ کا مائنس عثمان بزدار کا مطالبہ پورا ہوگیا ہے، پی ٹی آئی قیادت نے پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر نامزد کردیا ہے، ترین گروپ اب حمایت کرے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے بھی ترین گروپ سے رابطہ کیا ہے جلد ہی ن لیگی وفد کی ترین گروپ سے ملاقات متوقع ہے۔