سری لنکا میں پرتشدد مظاہروں کے سبب ایمرجنسی نافذ

April 02, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

سری لنکا میں گزشتہ دنوں پرتشدد مظاہروں کے سبب ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں فوج کو تعینات کردیا گیا ہے۔

میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ کولمبو میں تعینات فوج کو وارنٹ کے بغیر مشتبہ افراد کی گرفتاری کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

صدارتی محل کے سامنے جمعرات کو پرتشدد مظاہرہ ہوا تھا، اس دوران پولیس نے مظاہرہ کرنے والے 53 مظاہرین کو گرفتار کیا تھا۔

سری لنکن صدر سے استعفے کا مطالبہ

مظاہرین اقتصادی بحران پر سری لنکن صدر گوتابایا راجاپاکسے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

سری لنکن صدارتی دفتر نے جاری کیے گئے بیان میں کہا تھا کہ کولمبو میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت انتہا پسند قوتوں نے کی، مظاہرین عرب اسپرنگ کی طرح کی حکومت مخالف تحریک پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

سری لنکا میں افراطِ زر کی شرح میں اضافہ

دوسری جانب سری لنکا میں گزشتہ 6 ماہ میں افراطِ زر کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا کے جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سری لنکا میں گزشتہ ماہ افراطِ زر کی شرح 18.7 رہی جبکہ خوراک کی قیمتوں میں بھی ریکارڈ 30 اعشاریہ 1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔