وزیر اعظم باعزت طریقے سے استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، شیری رحمٰن

April 02, 2022

فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ آپ عالمی ممالک کے ساتھ تصادم کی صورتحال پیدا کررہے، عمران خان نئی حکومت کیلئے اندرونی اور خارجی بحران پیدا کررہے ہیں، تاخیری حربے اور بیانیہ حکومت کو نہیں بچا سکتے، وزیراعظم باعزت طریقے سے استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان خود کو شہید ذوالفقار بھٹو کی طرح خودار لیڈر ثابت کرنا چاہ رہے تھے، وہ اب کہتے ہیں کہ ان کی جان کو خطرہ ہے، شہید بھٹو نے جوہری طاقت اور آزاد خارجہ پالیسی دی، مسلم دنیا کو اکٹھا کیا، آپ نے دہشتگردی کے خلاف کوئی پوزیشن نہیں لی۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دہشتگردوں کو للکارا تھا، آصف زرداری نے امریکا سے شمسی بیس واپس لیا تھا، سی پیک کی بنیاد رکھی تھی، آپ نے ایسا کیا کارنامہ کیا ہے جو آپ دنیا کے لیے خطرہ ہوگئے ہیں؟۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم بیانیہ بنا کر عدم اعتماد سے بچنے کیلئے اپنے کارکنوں کو انتشار پر اکسا رہے ہیں، عمران خان اپنی کرسی بچانے کے خاطر سلامتی اور آئینی بحران پیدا کررہے ہیں، وہ ریاستی مفادات، ملکی سلامتی اور بین الاقوامی تعلقات کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی جان کو لاحق خطرے سے متعلق خدشہ ظاہر کیا تھا۔

ایک بیان میں عمران خان نے کہا تھا کہ میری جان کو خطرہ ہے، میرے خلاف ہوئی سازش کا گزشتہ سال اگست سے معلوم ہے۔