’اے مشتِ خاک‘ سے متاثر ہو کر ہندو مداح کا قبولِ اسلام

April 09, 2022

جیو ٹیلی ویژن کے مقبول ترین ڈرامے ’اے مشتِ خاک‘ سے متاثر ہوکے ہندو مداح نے اسلام قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ’اےمشتِ خاک‘ سے متعلق ایک تبصرہ وائرل ہورہا ہے جس میں ایک ہندو مداح نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ڈرامے کی کہانی سے متاثر ہو کر دائرہ اسلام میں داخل ہوئیں۔

34 اقساط پر مبنی سحر انگیز ڈرامے اے مشتِ خاک کے اختتام کے بعد صارفین نے بڑی تعداد میں اس ڈرامے پر ردعمل کا اظہار کیا، وہیں ہندو صارف کے یوٹیوب پر تبصرے نے سوشل میڈیا پر زبردست دھوم مچا رکھی ہے۔

شوینہ پردھان نامی ایک صارف نے یوٹیوب پر کمنٹ میں بتایا کہ ’اس ڈرامے نے مجھے اسلام قبول کرنے پر مجبور کیا، میں اس ڈرامے کو کبھی نہیں بھول سکوں گی۔‘

یاد رہے کہ سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کا ڈرامہ سیریل ’اے مشتِ خاک‘جیو ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا، اس ڈرامے کا مرکزی کردار فیروز خان نے ادا کیا تھا۔

’اے مشت خاک‘ محبت، جذبے اور فریب سے متعلق دلچسپ کہانی ہے جو دو لوگوں مستجاب (فیروز خان) اور دعا (ثنا جاوید) کے گرد گھومتی ہے۔

ڈرامے کی کاسٹ میں اسد صدیقی، شبیر جان، عفت عمر، شہوود علوی، دانیال افضال خان، حرا عمر سمیت دیگر فنکار بھی شامل ہیں۔