کسی کا لیڈر کہتا ہے کہ میں ان کی بندوق کی نوک پر ہوں، آصف علی زرداری

April 09, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سوائے ایک شخص کے ہم پاکستان کی بہتری کے لیے سب سے بات کرسکتے ہیں، کسی کا لیڈر کہتا ہے کہ میں ان کی بندوق کی نوک پر ہوں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ آج ووٹنگ کا دن ہے، اسپیکر صاحب وقت ضائع نہیں کریں اور ووٹنگ کروائیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ اسپیکر صاحب میں عرض کر رہا ہوں، صرف ووٹنگ، ووٹنگ، ووٹنگ اور ووٹنگ، اس مرحلے کو ختم کریں اور آگے بڑھیں گے۔

سابق صدر نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ کل کو ہم آپ کے خلاف سپریم کورٹ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی توجہ دلانا چاہوں گا آج آرڈر آف دا ڈے ہے، میں ذاتیات پر نہیں آنا چاہتا، نہ میں ذاتیات پر حملے سے متاثر ہوتا ہوں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ کسی کے دل میں آتا ہے تو کہتا ہے کہ یہ میری بندوق کی نالی پر ہے، یہ کرکٹر بھی ہیں، شکاری بھی ہیں اور ملک بھی چلا رہے ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ یہ سیاست ہے اور سیاست میں ہم بناکر رکھنا چاہتے ہیں، ایک شخص کے سوا ہر ایک سے بات کی جا سکتی ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا تو اسٹاک مارکیٹ اوپر ڈالر 3 روپے نیچے آیا۔