الیکشن کمیشن کا فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ

April 15, 2022

الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ روزانہ سماعت کا مقصد عدالت کی ہدایت کے مطابق 30 دن میں کیس کا فیصلہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سماعت روزانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس کا 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا تھا، الیکشن کمیشن نے 25 جنوری اور 31 جنوری کو پی ٹی آئی کی دائر درخواستیں مسترد کردی تھیں۔

ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔