نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری آج افطار کے بعد ہوگی

April 23, 2022

نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری افطارکے بعد ہوگی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کے معاملے پر خط و کتابت ہوا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی حلف لینے لاہور آئیں گے، پنجاب کے گورنر ہاؤس کے دربار ہال میں تقریب حلف برداری کی تیاریاں جاری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی اسلام آباد سے لاہور روانگی میں تاخیر ہے لہٰذا حلف برداری کی تقریب کا وقت تبدیل کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نومنتخب وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری بعد افطار ہوگی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کوئٹہ کے دورے سے سیدھا لاہور آنے کا امکان ہے۔

اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ حلف برداری شام چار بجے ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ایوان صدر کو ہائی کورٹ کا حکم موصول ہوگیا، جس کے بعد ایوان صدر نے وزیر اعظم ہاؤس سے رائے مانگ لی، وزیراعظم ہاؤس نے چیئرمین سینٹ کو وزیراعلیٰ کا حلف لینے کا مشورہ دیا۔

دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ طبیعت خراب ہونے کے باعث سروسز اسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز سے بطور وزیر اعلیٰ حلف نہ لیے جانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کے تحت گورنر نو منتخب وزیر اعلیٰ سے فوری حلف لینے کا پابند ہے، آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت گورنر کو نومنتخب وزیر اعلیٰ کو بلانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

بنی گالا کی سڑک کی تعمیر عمران خان نے کتنی رقم دی تھی؟