جی ہاں، آپ کو بلاول ہاؤس نے اقتدار سے نکالا، فیصل کنڈی کا عمران خان کو جواب

April 23, 2022

پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی ہاں آپ کو بلاول ہاؤس نے اقتدار سے نکالا ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیا اور کہا کہ نیازی صاحب آپ کے کرپشن بیانیے کے بعد مراسلہ ڈرامہ بھی پٹ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ساڑھے 3 سال کا اقتدار عوام پر عذاب کی طرح گزرا، اس دوران ملک کی معیشت دم توڑ چکی تھی اور کاروبار تباہ ہو چکا تھا۔

فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی ہاں تمہیں بلاول ہاؤس نے اقتدار سے نکالا، پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے آمروں کو شکست دی، نیازی تو کٹھ پتلی تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارلیمان کو ربر اسٹیمپ اور جمہوریت کو یرغمال بنا کر رکھا تھا، سابق وزیراعظم نے ملک کے خارجہ امور بھی گروی رکھ دیے تھے۔

پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ عمران خان کی مکاری، جھوٹ بار بار کے دھوکے پر انہیں اتحادیوں نے چھوڑا۔