مسجد نبویﷺ واقعے کے بعد عمران خان کا پہلا ٹوئٹ

April 29, 2022

فائل فوٹو

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا گزشتہ روز مسجد نبویﷺ میں پاکستان کے حکومتی وفد کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد پہلا ٹوئٹ سامنے آیا ہے تاہم یہ ٹوئٹ اس افسوسناک واقعے پر ردّ عمل دینے سے متعلق نہیں ہے۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں آج یوم القدس کے موقع پر ہم قابض اسرائیلی افواج کے تشدد اور ظلم کے خلاف فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہر رمضان میں ہم مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کے خلاف اسرائیلی فورسز کے قابل مذمت حملوں کا مشاہدہ کرتے ہیں، جو مسلمانوں کے لیے تیسرے مقدس ترین مقام ہے۔

واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیرِ اہتمام عالمی یوم القدس آج منایا جارہا ہے، ملک کے مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بعد القدس ریلیاں نکالی جائیں گی۔

اس حوالے سے ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ القدس ریلیوں کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی و صوبائی رہنما کریں گے، فلسطین، کشمیر اور یمن کے مظلومین کی حمایت کے لیے ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے پہنچا تو وہاں مسجد نبوی کے احاطے میں کچھ افراد نے اُن کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔

اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جن میں کچھ افراد کو چور چور کے نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔