عیدالفطر پر تیز آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی

April 29, 2022

محکمۂ موسمیات نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کر دی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم مئی سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا، یہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں 5 مئی تک رہے گا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق 2 سے 4 مئی تک اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور بنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ اس دوران خوشاب، سرگودھا سمیت دیگر علاقوں میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاغی، نوشکی، کوئٹہ، چمن، زیارت، سبی، راجن پور ، سکھر، ڈی جی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے کراچی، حیدر آباد، میرپور خاص، بدین اور ٹھٹھہ میں تیز ہواؤں اور آندھی کا امکان ظاہر کیا ہے۔