عمران خان کے سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ

May 05, 2022

وفاقی حکومت نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے بیرونِ ملک سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ انکوائری کمیشن خود مختار ہوگا، عوام کے سامنے فیصلہ کرے گا۔

اس بات کا اعلان اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کوئی بیرونِ ملک سازش نہیں، یہ گوگی بچاؤ تحریک ہے، آپ کے اتحادی اور 23 ممبران آپ کو چھوڑ چکے ہیں، یہ تماشہ اور جھوٹ فرح گوگی کو بچانے کے لیے ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہبیرونِ ملک سازش پر انکوائری کمیشن کے ٹی او آر کی منظوری کابینہ دے گی، انکوائری کمیشن کا سربراہ ایسا شخص ہوگا جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکے گا، کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عوام کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ فواد چوہدری اور شیریں مزاری امریکی میڈیا کی رپورٹ شیئر کرنے سے پہلے اس رپورٹ پر درج تاریخ تو پڑھ لیتے، پاکستان ایئر اسپیس کے حوالے سے رپورٹ اکتوبر 2021ء کی ہے، جب آپ کی حکومت تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 4 سال لوٹ مار کرنے والے کو کوئی فرق نہیں پڑا، لوٹ مار کرنے والا فرح گوگی کی کرپشن بچاؤ مہم میں لگا ہے، اُس وقت وزیراعلیٰ پنجاب گونگا اوربہرا تھا، اس پر فرح گوگی مسلط کی گئی۔

اُن کا کہنا ہے کہ کشمیر فروشی کرنے والے دوسروں پر الزام لگا رہے ہیں جبکہ اِس وقت وزیرِ اعظم کی کرسی پر بیٹھا شخص عوام کو بچانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

نیوز کانفرنس میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ رات کوعمران خان ٹاک شو میں کہہ رہے تھے کہ جمہوریت اور بادشاہت میں فرق ہے، عمران خان صاحب مافیا کی حکومت ہوتی ہے تو عوام روٹی نہیں خرید سکتے، ایک جمہوری وزیرِ اعظم 3 ہفتے میں ملک میں لوڈشیڈنگ ختم کرتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب یہ تماشہ نہیں چلے گا، سازش کا ڈھونگ بند ہونا چاہیے، 4 سال ملک کو بھوکا رکھا اور غریب کیا، چینی آٹا چھینا۔

اُنہوں نے کہا کہ تمام الزام تراشیاں ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے کی جا رہی ہیں، الزام لگانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اب صبح، دوپہر اور شام کا تماشہ بند ہونا چاہیے۔

وزیرِ اطلاعات و نشریات کا کہنا کہ کمیشن کے ٹی او آرز آئندہ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیے جائیں گے، جو کاغذ عوام کے سامنے لہرا رہے ہیں وہ عوام کے کٹہرے میں ہوں گے، فرح گوگی کی کرپشن چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میریٹ نہ سمجھاؤ، حکومت سب سمجھتی ہے، 3 ہفتے گزرے ہیں اور پاکستان کے عوام کو سکون ملا ہے، 4 سال سے بند منصوبے اب دوبارہ کھل رہے ہیں، 4 سال ملک پر مافیا اور کارٹیل مسلط رہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کہتے ہیں کہ معشیت نہیں چل رہی، تم فکر نہ کرو، کارٹیل نہیں ہے، معشیت بھی چلے گی اور عوام کو ریلیف بھی ملے گا، وہ وقت دور نہیں جب آپ کو پاکستان کے عوام کو جواب دینا پڑے گا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 4 سال میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، اب الزام لگانا بند کرو، اب یہ نہیں چلے گا، اب کہتے ہیں کہ مجھے امریکی پالیسی سے مسئلہ نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کوئی کمیشن نہیں مانیں گے بلکہ وہ اس کمیشن کو مانیں گے جو فرح کو بچائے اور جو جلسوں کا شیڈول آیا ہے اصل میں اپنی بے نامی فرح گوگی کے لیے ہے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا ہے کہ اکتوبر 2021ء کی خبر کو آج ٹوئٹ کر رہے ہیں، بے شرمو! کچھ تو شرم کرو، اپنے دور کی خبر کو ٹوئٹ کر رہے ہو۔