حج 2022ء مہنگا، کم درخواستیں موصول ہوئیں

May 13, 2022

وزارت مذہبی امور کو آن لائن اور براہ راست درخواستیں بذریعہ بینک اکاؤنٹس جمع کرائی جارہی ہیں، بینکوں کے ذریعے سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کرانے کا پانچواں اور آخری دن تھا۔

حج 2022ء مہنگا ہونے کے سبب گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال کم درخواستیں وصول ہوئیں۔

آن لائن درخواستیں کی وصولی کا بھی آج آخری دن ہوگا، بینکوں کے ذریعے چار دن میں 43 ہزار 5 سو 54 حج درخواستیں موصول ہوئیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق وقت کی کمی کے باعث حج درخواستوں کی وصولی میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

حج درخواست کے ساتھ سعودی حکام سے منظور شدہ ویکسین کی مکمل ڈوز کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازمی ہے، درخواست کے ہمراہ پاسپورٹ، ہیلتھ فٹنس سرٹیفکیٹ، 3 تصاویر، 50 ہزار روپے بطور ٹوکن رقم جمع کرانا بھی لازمی ہے۔

سمندر پار پاکستانیوں کی آسانی کیلئے پاسپورٹ جمع کرانے کی حتمی تاریخ 20 ذی القعدہ مقرر ہے، کوویڈ کے بعد پہلی بار بین الاقوامی سطح پر حج انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان حج 2022 میں 81 ہزار 132 عازمین کا کوٹہ ہے، 40 فیصد عازمین سرکاری اسکیم جبکہ 60 فیصد نجی سکیم کے ذریعے عازم حجاز مقدس ہونگے۔ پرائیویٹ طور پر حج 12 لاکھ سے بھی بڑھنے کے امکانات ہیں۔