وزیراعظم شہباز شریف لندن سے براستہ ابوظبی وطن واپس پہنچ گئے

May 15, 2022

فائل فوٹو

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف لندن کا چھ روزہ دورہ مکمل کر کے براستہ ابوظبی وطن واپس پہنچ گئے۔

ان کے خصوصی سرکاری طیارے نے اسلام آباد کی بجائے لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف 11 مئی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف سے ملاقات اور اہم پارٹی میٹنگ کے لیے وفد کے ہمراہ لندن گئے تھے۔

اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف لندن سے ابوظبی پہنچے جہاں انہوں نے ابوظبی کے شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر ابوظبی کے صدر شیخ محمد بن زاید النیہان سے تعزیت کی۔

تعزیتی اجلاس میں شاہی خاندان کے دیگر افراد کے علاوہ پاکستانی سرکاری وفد بھی شامل تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف آج شام ابوظبی سے پاکستانی سرکاری طیارے میں وطن واپس روانہ ہوئے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے طیارے نے اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر لینڈ کرنا تھا مگر موسم کی خرابی کے باعث طیارے کو لاہور کی طرف موڑ دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کے طیارے نے رات 9 بجکر 42 منٹ پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔