عمران خان کیلئے ایئرپورٹ پر وی آئی پی پروٹوکول مانگ لیا گیا

May 16, 2022

اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیلئے ایئر پورٹ پر وی آئی پی پروٹوکول مانگ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کو ایئرپورٹ پر وی آئی پی لاؤنج استعمال کرنے کی اجازت کیلئے پی ٹی آئی چیئرمین سیکریٹریٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اے ایس ایف کو خط لکھا ہے۔

خط کے متن کے مطابق سکیورٹی خطرات ہیں،اے ایس ایف خصوصی انتظامات کرے،عمران خان کو آمد اور روانگی کیلئے وی آئی پی لائونج استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو وہ ایئرپورٹ لائونج استعمال کرنے دیا جائے جو وہ بطور وزیر اعظم استعمال کرتے تھے۔

پی ٹی آئی کے خط میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سکیورٹی خطرات لاحق ہیں، ان کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر انٹری اور ایگزٹ کیلئے چائنا گیٹ کے استعمال کی اجازت دی جائے۔

خط میں اے ایس ایف سے بھی سابق وزیر اعظم کی سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کی درخواست کی گئی ہے۔