3ہفتوں میں تیسری دہشتگردی، کراچی، میمن مسجد کے قریب دھماکا، خاتون جاں بحق، 13 زخمی

May 17, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی شہر میں 3ہفتوں کے دوران دہشت گردی کی تیسری کارروائی میں میمن مسجد کے قریب دھماکے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ خاتون کے بیٹے سمیت 13؍ افراد زخمی ہوگئے دھماکا اتنا شدید تھا کی اس کی آواز دور دور تک سنی گئی.

دھماکے سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی ،دھماکے سے وہاں موجود کئی موٹر سائیکلوں اور کپڑے کی دکان میں آگ لگ گئی جبکہ پویس موبائل تباہ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کھارادر تھانے کی حدود ایم اے جناح روڈمیں کراچی کےگنجان بڑی مارکیٹوں پر مشتمل علاقے بولٹن مارکیٹ میمن مسجد کے قریب بم دھماکےمیں ایک خاتون جاں بحق ا ور 13؍ افراد زخمی ہوگئے .

اطلاع ملنے پر پولیس، رینجرز،ریسکیواداروں کی ٹیمیں ا ور فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کرآگ بجھائی ، اس موقع پر رینجرز نے پو رےعلاقے کو گھیرے میں لےلیا جبکہ جاں بحق ہو نے والی خاتون کی لاش اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں جاں بحق ہو نے والی خاتون کی شناخت30سالہ سنیا زوجہ خالد او ر زخمیوں کی احسان ولد مشتاق 20سال، ارشاد ولد معین عمر35سال،یونس ولد فیض عمر 30سال، جاں بحق ہونے والی خاتون کا بیٹا حارث ولد خالد عمر 8سال، اے ایس آئی بدر الدین عمر 45 سال، محمد اشفاق ولد محمد حبیب عمر30سال، محمد حبیب ولد احمد علی عمر60سال، سکندر ولد غوث محمد عمر25سال، فراز ولد محمد شعیب عمر25سال، ایوب ولد محمد حبیب عمر40سال کے نام سے ہوئی ہے ۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکے خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکہ ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا، ایس یس پی سٹی کے مطابق دھماکے کا نشا نہ کھارادر پولیس کی موبائل تھی ، جو معمول کے گشت پر تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھماکے کا نو ٹس لے کرآئی جی سندھ کو فون کرکے فوری تفصیلی رپورٹ طلب کر لی جبکہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور پولیس کو فوری واقعہ کی جگہ پہنچ کر عوام کی مدد کرنے کی ہدایت کی ،انھوں نے فوری طور سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذکر دی ۔ جاں بحق خاتون رکشے میں سوار تھی اور رکشے کے قریب پولیس موبائل کے آتے ہی دھما کا ہو گیا اور خاتون جاں بحق ہو گئی۔

سی ٹی ڈی کے افسر راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے موٹر سائیکل میں آئی ڈی پلانٹ کی گئی تھی، گشت پر مامور پولیس موبائل کو ٹارگٹ کیا گیا ہے ، بولٹن مارکیٹ اور صدر بم دھماکے میں مماثلت پائی جا تی ہے، دھماکے میں بال بیئرنگ کا استعمال کیا گیا ہے ، تاہم بی ڈی یو حتمی رپورٹ جاری کرے گی۔

دریں اثناءدھماکے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کا مالک 6 ماہ پہلے مرچکا ہے ۔ پولیس نے گلستان جوہر فلیٹ میں چھاپہ مارا تو معلوم ہوا کہ پرویز رحمن کا 6ماہ پہلے ہی انتقال ہو چکا ہے، پرویز رحمن کے انتقال کے بعد موٹرسائیکل نوکر صابر کو دیدی گئی تھی.

ذرائع کے مطابق جس کے بعد پولیس نے صابر کی گرفتاری کیلئے قریبی گوٹھ میں چھاپہ مارا لیکن صابر چھاپے سے قبل ہی فرار ہوگیا اور اس کا فون بھی بند ہے،پولیس صابر کی تلاش کیلئے مزید چھاپے مار رہی ہے۔