پاکستانیوں کو قربانی دینا پڑے گی، ہنگامی معاشی اقدامات سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی، وزیر اطلاعات

May 20, 2022

اسلام آباد(خبرایجنسی)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہےکہ پاکستانیوں کوقربانی دینا پڑیگی.

ہنگامی معاشی اقدامات سے قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی،برآمدات سے متعلق معاشی پالیسی متعارف کروارہے ہیں، مقامی صنعت کاروں کو فائدہ ہوگا، کرنٹ اکاونٹ خسارہ کم ہوگا۔


الیکشن کرانا تھا تو عدم اعتماد پیش ہونے سے پہلے کرادیتے، عمران خان تماشا بن گئے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج جو سازشی کنٹینر پر کھڑے ہو کر 4 ہفتوں کی حکومت سے سوال کرتے ہیں ان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے اور تھوڑی شرم کرنی چاہیے کہ ڈالر 189 میں ان کی حکومت میں گیا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر پچھلی حکومت نے دستخط کیے.

عمران خان نے ان شرائط پر دستخط کیے جس کی وجہ سے آج پاکستان میں مہنگائی ہے،اس لئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ تمام غیرضروری لگژری اشیا کی درآمدات پر پابندی لگائی جارہی ہے.

ملک ایک مشکل مرحلے سے گزر رہا ہے،ملک کے اندر ہنگامی صورت حال ہے، اس وقت پاکستانیوں کو ایک معاشی منصوبے کے تحت قربانی دینی پڑے گی اور یہ تمام چیزیں دو مہینوں کے لیے ہیں۔