جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کر دیا ،سیکرٹری جنگلات

May 23, 2022

کوئٹہ (خ ن)صوبائی سیکرٹری جنگلات دوستین جمالدینی اور ڈائریکر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر احمد ناصر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کر دیا ہے اس کے علاوہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے کیمپ آفس قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ،پی ڈی ایم اے،پاک فوج،ایف سی،لیویز اور مقامی افر اد آگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لئے ایران سے پاکستان پہنچنے والا طیارہ جلد شیرانی پہنچے گا اب تک خیبر پختونخوا اور شیرانی کے علاقے میں 10ہزار سات سو سے زائد ایکڑ جنگلات اور بڑے پیمانے پر جنگلی حیات کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری نے اندرون ملک مختلف اداروں کے ساتھ رابطہ کرنے کے ساتھ برادر ملک ایران سے فائر فائٹرطیارہ فراہمی کے لئے رابطہ کیا جس پر ایران کی حکومت نے فوری طور پر طیارہ پاکستان بھیجنے کی منظوری دی جس پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جنگلات پر لگی آگ پر قابو پانے کے لئے آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کے ماہرین کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 3700 میٹر بلندی پر واقع پہاڑی سلسلوں میں لگی آگ تک ٹیموں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ جنگلات کے پاس اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کے لئے وسائل بھی موجود نہیں، فوری طور پر پاک آرمی نے ایک ہیلی کاپٹر فراہم کیا ہے ،گذشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ وزیر اعلیٰ چیف سیکرٹری کور کمانڈر وفاقی وزیر مولانا واسیع سمیت دیگر حکام نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنگلات بلوچستان کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دیدی گئی ہے ، صوبائی حکومت کی جانب سے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کی کوششوں میں جاں بحق ہونے والے تینوں مقامی افراد کے لواحقین کودس دس لاکھ روپے شدید زخمیوں کو دو دو لاکھ اور معمولی زخمیوں کو ایک ایک لاکھ دئیے جائینگے جبکہ جاں بحق افراد کے بچوں کو سرکاری ملازمتیں بھی دی جائیں گی۔متاثرہ علاقے کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائینگے۔ شیرانی کے جنگلات سے سالانہ ساڑھے تین ارب کے چلغوزے کی پیداوار ہوتی ہے یہاں کے مقامی افراد کو فائدہ پہنچانے اور اس کاروبار میں مڈل مین کا کردار ختم کرنے کے لئے شیرانی میں چلغوزہ پروسیسنگ پلانٹ لگایا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ جنگلات میں لگی آگ کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقاتی کمیشن بنائینگے ۔