پی ٹی آئی سینیٹرز کا ایوان بالا میں احتجاج، نعرے بازی

May 23, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹرز نے ایوان بالا میں احتجاج کیا اور حکومت مخالف پلے کارڈز اٹھاکر نعرے بازی کی۔

پی ٹی آئی سینیٹر شہزادہ وسیم نے کہا کہ اس وقت ملک میں کوئی جائز حکومت موجود نہیں، ملک پر امپورٹڈ ٹولہ مسلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ سہولت کاروں نے بیرونی سازش پر مملکت کے گلے میں غلامی کا طوق ڈال دیا ہے۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ پہلی بار ڈاکوؤں نے رات کے اندھیرے میں حکومت پر ڈاکا ڈالا، ملک میں بڑی واردات ہوئی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔

شہزادہ وسیم کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی ارکان کی نعرے بازی چلتی رہی، سینیٹر فیصل جاوید ایوان بالا میں نعرے لگواتے رہے۔

اس پر چیئرمین سینیٹ نے پی ٹی آئی ارکان سے مکالمہ کیا اور کہا کہ آپ جلسہ گاہ میں نہیں ہیں، پلے کارڈز دے دیں یا پھر انہیں باہر لے جائیں۔