بلاول بھٹو سوئٹزر لینڈ روانہ،سہ روزہ عالمی اقتصادی فورم میں شریک ہونگے

May 24, 2022

اسلام آباد (اے پی پی)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری عالمی اقتصادی فورم کے تین روزہ سالانہ اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے سویٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس روانہ ہوگئے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت عالمی اقتصادی فورم کے صدر نے دی ہے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر بھی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 23 سے 26 مئی تک ڈیووس میں فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ اور وزیر مملکت دونوں عصری عالمی اور علاقائی مسائل پر عالمی اقتصادی فورم کی متعدد تقریبات میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ ابھرتی ہوئی جغرافیائی سیاسی پیشرفت کے معاشی اور سماجی اثرات کے ساتھ ساتھ کورونا وبا، خوراک اور توانائی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کے بارے میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔