جنگ کے خاتمے کیلئے ولادیمیر پیوٹن سے ملنا چاہتا ہوں، ولادیمیر زیلینسکی

May 24, 2022

فائل فوٹو

یوکرینی صدرولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے روسی صدر، ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے لیے تیار ہوں۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے گزشتہ روز ڈیووس میں منعقد ہونے والے ’دی ورلڈ اکنامک فورم‘ اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔

ولادیمیر زیلنسکی نے اس دوران کہا کہ وہ روسی فیڈریشن سے آنے والے کسی وفد یا فرد سے بات نہیں کریں گے، جنگ کے خاتمے کے لیے وہ صرف روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات کرنے پر راضی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے روس کا یوکرینی شہریوں کے خلاف تشدد اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب اپنے خطاب کے دوران زیلنسکی نے مختلف ممالک سے یوکرین کی مدد کے لیے مزید ہتھیار بھیجنے کی بھی اپیل کی اور ماسکو کے خلاف زیادہ سے زیادہ پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ کسی قسم کی تجارت نہیں کی جانی چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ روسی حملے کے وقت اگر ضروریات کا 100 فیصد سامان مل جاتا تو یوکرین میں ہزاروں جانیں بچائی جاسکتی تھیں۔

زیلنسکی نے مزید کہا کہ یوکرین آزادی اور اس کی جدوجہد کی بہت بڑی قیمت ادا کر رہا ہے۔