بھارت تمام حریت رہنماؤں کا خاتمہ کرنا چاہتا ہے، مشعال ملک

May 25, 2022

مشال ملک، فائل فوٹو

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارت تمام کشمیری حریت رہنماؤں کا خاتمہ کرنا چاہتا ہے۔

مشعال ملک نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان جماعتِ اسلامی کے امیرسراج الحق کا یاسین ملک کو مجرم قرار دیے جانے کے عدالتی فیصلے کی مذمت کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’بہت شکریہسراج الحق صاحب۔‘

اُنہوں نے اپیل کی کہ’ہمیں یاسین ملک کی جان بچانے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ تعاون کی ضرورت ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ’بھارت تمام کشمیری حریت رہنماؤں کو ختم کرنا چاہتا ہے۔‘

مشعال ملک نے بھارت کی قید میں موجود تمام سیاسی رہنماؤں خصوصاََ اپنے شوہر، یاسین ملک کی رہائی کے لیے ملک گیر مطالبہ کیے جانے کی اپیل کی۔

پاکستان جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹوئٹ میں یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے ناحق مجرم قرار دیے جانے پر مذمت کی تھی۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہیاسین ملک حریت اور جدوجہد کی علامت ہیں۔ بھارتی حکومت نے انہیں غیرقانونی اور ظالمانہ طور پر طویل عرصے سے حراست میں رکھا ہوا ہے، اور اب سزا سنائے جانے کی تیاری ہے۔‘

انہوں نے اس حوالے سے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی سطح پر اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائی جائے، اور یاسین ملک کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔