پی آئی ڈی سی کے قریب فائیو اسٹار ہوٹل کی فالس سیلنگ گرگئی، 2 جاں بحق، 3 زخمی

May 26, 2022

کراچی کے علاقے پی آئی ڈی سی کے قریب فائیو اسٹار ہوٹل کی فالس سیلنگ گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک کی شناخت رئیس احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

سربراہ جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول کے مطابق ہوٹل کی لابی کی فالس سیلنگ گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، واقعے میں ایک مرد اور دو خواتین زخمی بھی ہوئے جنہیں ملبہ اور وزنی چیزِیں گرنے سے زخم آئے ہیں۔

ڈاکٹر شاہد رسول کے مطابق جاں بحق دونوں افراد ہوٹل کے ملازم ہیں، زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ کے مطابق واقعے میں کسی تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے، لگتا ہے پانی کے پائپ سے لیکیج کے باعث فالس سیلنگ گری۔