پاکستان میں پٹرول اب بھی برطانیہ، بھارت، بنگلادیش اور UAE سے سستا

May 27, 2022

پاکستان میں پٹرول اب بھی برطانیہ، بھارت سے سستا

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پاکستان میں پٹرول /ڈیزل کی قیمت اب بھی برطانیہ، بھارت، بنگلادیش اور یو اے ای سے کم ہے۔ برطانیہ میں پٹرول 405، بھارت میں 252، بنگلادیش میں 205 اور یو اے ای میں 192 روپے فی لیٹر ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پٹرول کی نئی قیمت 179.86 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی نئی قیمت 174.15 روپے فی لیٹر ہے، جو کہ اب بھی برطانیہ، بھارت، بنگلادیش اور یو اے ای کے مقابلے میں کم ہے۔

بھارت میں پٹرول کی قیمت 96.72 روپے فی لیٹر ہے ، جب کہ ایک بھارتی روپیہ 2.61 پاکستانی روپے کے برابر ہے۔ اس طرح پاکستانی روپے میں بھارت میں پٹرول 252.21 روپے لیٹر اور ڈیزل 233.70 روپے لیٹر ہے۔

اسی طرح یو اے ای میں پٹرول کی قیمت 3.48 اے ای ڈی ہے اور ڈیزل 4.08 اے ای ڈی فی لیٹر ہے۔ اس طرح ایک اماراتی درہم ، 55.15 روپے کا ہے لہٰذا متحدہ عرب امارات میں پٹرول 191.93 روپے لیٹر اور ڈیزل 225.02 روپے لیٹر ہے۔

بنگلادیش میں موگاس کی قیمت 89 ٹکہ فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 80 ٹکہ فی لیٹر ہے ، جب کہ ایک ٹکہ 2.3 روپے کا ہے۔ لہٰذا پاکستانی کرنسی میں وہاں موگاس کی قیمت 204.98 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 184.25 روپے لیٹر ہے۔

اسی طرح برطانیہ میں موگاس کی قیمت 1.59 پائونڈ فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 1.811 پائونڈ فی لیٹر ہے۔ جب کہ ایک پائونڈ ، پاکستانی کرنسی میں 255.07 روپے کا ہے۔

اس طرح برطانیہ میں پٹرول کی قیمت 405.66 روپے لیٹر اور ڈیزل 462.04 روپے لیٹر ہے۔