ٹیکساس اسکول حملہ: فائرنگ سے ہلاک ٹیچر کا شوہر صدمے سے چل بسا

May 27, 2022

فائل فوٹو

امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی خاتون ٹیچر کا شوہر صدمے سے چل بسا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں ٹیکساس اسکول میں طلبہ کو بچاتے ہوئے ایک خاتون ٹیچر فائرنگ سے ہلاک ہوگئی تھیں۔

اب گزشتہ روز ٹیچر کا شوہر اپنی اہلیہ کی اچانک موت کے صدمے سے دُنیا سے رخصت ہوگیا۔

رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ ٹیچر کے شوہر کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔

روب ایلیمنٹری اسکول کی ویب سائٹ کے مطابق، جوڑے کی شادی 24 برس قبل ہوئی تھی اور اُن کے چار بچے تھے۔

خیال رہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 19 کمسن بچے اور 2 ٹیچرز ہلاک ہوئے تھے۔

غیر ملکی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ ملزم کی فائرنگ سے دو سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

پولیس نے اسکول میں فائرنگ کرنے والے 18 سالہ نوجوان سیلواڈور راموس کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔