فرحان اختر سیریز ’مس مارول‘ کیلئے رہنمائی کرنے پر شرمین عبید چنائے کے معترف

June 08, 2022

فرحان اختر سیریز ’مس مارول‘ کیلئے رہنمائی کرنے پر شرمین عبید چنائے کے معترف، فائل فوٹو

معروف بھارتی اداکار فرحان اختر نے پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے کی سیریز ’مس مارول‘ کے لیے رہنمائی کرنے پر تعریف کی ہے۔

فرحان اختر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر مارول سنیمیٹک یونیورس کی پہلی مسلم سپر ہیرو سیریز’مس مارول‘ کی پوری ٹیم کے لیے ایک خصوصی پیغام شیئر کیا ہے۔

یہاں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ سیریز ’مس مارول‘ میں فرحان اختر کا کردار ابھی سامنے آنا باقی ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’یہ ٹوئٹ تخلیق کاروں، ہدایت کاروں اور کیمرے کے سامنے اور پیچھے کام کرنے والے ان تمام لوگوں کو سراہنے کے لیے ہے، جنہوں نےسیریز مس مارول کو بنانے کے لیے تعاون کیا۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ خاص طور پر شرمین عبید چنائے کی تعریف کرنا چاہوں گا جنہوں نے سیریز میں کام کرنے کے لیے میری مکمل رہنمائی کی۔‘

فرحان اخترنے مارول اسٹوڈیوز کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ’ مجھے اس پراجیکٹ کا حصّہ بننے پر فخر ہے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’یہ پراجیکٹ مختلف ثقافتوں کے لیے ایک خراجِ تحسین ہے اور یہ برصغیر کے لاکھوں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو اپنی پہچان پر خوشی اور فخر کرنے کا پیغام دے گا۔‘

فرحان اختر نے سیریز میں ’مس مارول‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ایمان ویلانی کی شاندار اداکاری کی بھی تعریف کی۔

اپنے ٹوئٹر پیغام کے آخر میں اداکار نے سیریز ’مس مارول‘ کی پوری ٹیم کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہپاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے اور مارول اسٹوڈیوز کی سیریز ’مس مارول‘ آج سے اسٹریمنگ سروس ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر نشر کی جائے گی۔