فواد چوہدری کا مریم اورنگزیب پر طنزیہ وار

June 12, 2022

—فائل فوٹو

پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر فواد چوہدری نے وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جب آپ ہر وقت ویڈیو گیم ہی کھیلتی رہیں گی تو اسی طرح کی احمقانہ گفتگو کریں گی۔

مریم اورنگزیب کے بیان پر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے کل قرض 52 ارب ڈالر لیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے ان 52 ارب ڈالر میں سے 38 ارب ڈالر آپ کی حکومتوں کے لیے گئے قرض کی واپسی کی۔

فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آئی ایم ایف سے معاہدہ پسند نہیں تو حکومت آئی ایم ایف بورڈ میں کیا لینے جاتی ہے؟ ختم کریں معاملہ اور آگے چلیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ کیا تھا کہ شوکت ترین صاحب نے آخر کار اعتراف کر ہی لیا کہ عمران صاحب نے 4 سال کی حکومت میں 20 ہزار ارب روپے کا قرض لیا جو تاریخ پاکستان میں لیے گئے مجموعی قرض کا 76 فیصد ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسے بہت سے اعتراف ابھی عمران صاحب نے کرنے ہیں۔