دولہا کی اپنی شادی پر ہوائی فائرنگ، دوست ہلاک

June 23, 2022

بھارتی ریاست اتر پردیش میں خانۂ شادی اس وقت خانۂ غم بن گیا جب شادی کا جشن منانے کے لیے دولہا نے ہوائی فائرنگ کی اور اس کے نتیجے میں اس کا اپنا ہی دوست ہلاک ہو گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سون بھدرا کے علاقے برہمن نگر میں ہونے والی شادی کی ویڈیو کیمرے میں محفوظ ہوگئی ۔

ویڈیو میں دولہا کو شادی کا جشن مناتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے کہ اچانک اس کے دوست کو گولی لگ جاتی ہے۔

گولی لگنے کے بعد زخمی کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کے لواحقین نے منیش مدھیشیا کے خلاف ایف آئی آر درج کی جس پر دولہا کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ان کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہوائی فائرنگ قابل سزا جرم ہے۔