تمام حکومتی پارٹیاں چاہتی ہیں ٹی ٹی پی سے بات ہونی چاہیے، رانا ثناء

June 24, 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ تمام حکومتی اور اتحادی پارٹیاں چاہتی ہیں کہ ٹی ٹی پی سے بات ہونی چاہیے ،آصف زرداری کا بھی موٴ قف تھا کہ ٹی ٹی پی سے بات ہونی چاہیے ،ہم چاہتے ہیں کہ ٹی ٹی پی سے جو بھی بات ہو وہ آئین کے مطابق ہو ،ٹی ٹی پی کو قانون اور آئین کے نیچے آنا ہوگا ،ٹی ٹی پی کے گرفتار ساتھیوں کی رہائی پر کوئی بات نہیں ہوگی،ٹی ٹی پی کے جولوگ گرفتار ہیں ان کے کیسز سے متعلق بات ہوسکتی ہے ،ٹی ٹی پی کے جو لوگ اے پی ایس میں ملوث تھے ان کی واپسی پر قوم ڈسٹرب ہوگی کسی ایسے مطالبے پر بات نہیں ہونی چاہیے جو ماورائے آئین ہو ،جب بات چیت نتیجے کے قریب ہو تو پارلیمنٹ میں لایا جانا چاہیے ۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ معاملات طے ہونے تک جنگ بندی موٴثر رہے گی ،عسکری اور سیاسی قیادت کا متفقہ فیصلہ ہے کہ ٹی ٹی پی کو ہتھیار لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، ٹی ٹی پی کے پیچھے ایسی قوتیں ہیں جو پاکستان میں امن نہیں دیکھنا چاہتیں ،ان کے ساتھ فاٹا کو دوبارہ الگ کرنے اور فوج واپس بلانے پر بھی بات نہیں ہوگی ۔عمران خان کی سیکیورٹی کے حوالے وزیر داخلہ رانا ثنا ء کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔