اب فیس بُک اور انسٹاگرام سے بھی صارفین پیسے کماسکیں گے؟

June 24, 2022

میٹا کے بانی مارک زکربرگ نے فیس بُک اور انسٹاگرام صارفین کے لیے پیسے کمانے کے منصوبے کا اعلان کردیا۔

مارک زکربرگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ’بہت جلد سوشل میڈیا صارفین فیس بُک اور انسٹاگرام پر ویڈیوز اپ لوڈ کرکے پیسے کما سکیں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ان کی کمپنی ’کانٹینٹ کریئٹرز‘ کو پیسے کمانے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مونیٹائزیشن کے نئے ضوابط پر بھی کام کر رہی ہے اور جلد ہی ایسے فیچرز متعارف کرائے جائیں گے جس کے ذریعے صارفین پیسے کمانا شروع کریں گے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’جلد ہی انسٹاگرام صارفین کو اپنی ریلز یعنی مختصر ویڈیوز کو فیس بُک پر بھی شئیر کرنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ انہیں فیس بک اور انسٹاگرام پر بیک وقت مونیٹائزیشن کی اجازت بھی دی جائے گی‘۔

مارک زکربرگ نے مزید بتایا کہ ’اس منصوبے کا آغاز امریکا میں کیا جا رہا ہے لیکن جلد ہی دیگر ممالک میں اسے متعارف کروا دیا جائے گا وہ صارفین جن کی ویڈیوز کو ایک لاکھ بار دیکھا جاچکا ہوگا وہ اس منصوبے سے پیسہ کمانے کے اہل ہوں گے‘۔