چین نے قرضہ دیا مگر پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا، وزیراعظم شہبازشریف

June 24, 2022

فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کا بہترین دوست ہے، اس نے ہمیں قرضہ دیا ہے لیکن ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا۔

گوادر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل حل کیے بغیر گوادر کی ترقی بے معنی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک آپ کے مسائل حل نہیں کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے بلوچستان کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دی، ہم نے پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے لیے سب سے زیادہ 100 ارب روپے رکھے ہیں۔

گوادر کے دورے میں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی ملاقات کی، جس میں صوبے کے انتظامی امور اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف تین ہفتے کے وقفے کے بعد ایک روزہ دورے پر اسلام آباد سے گوادر پہنچے، گوادر ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ان کی کابینہ کے ارکان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

شہباز شریف اس سے قبل 3 جون کو کوئٹہ کا ایک روزہ دورہ کرچکے ہیں۔