15 جولائی کے بعد سے توانائی کا بحران کم ہونا شروع ہوگا، وزیر پٹرولیم

June 26, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہم سیاست کو نہیں بلکہ ملک کو بچانے پر ترجیح دے رہے ہیں،امید ہے جلد ہی توانائی کا بحران ختم ہوگا۔

15 جولائی کے بعد سے توانائی کا بحران کم ہونا شروع ہوگا، اس بار سردیوں کا سیزن بہت سخت ہوگا،ہم مشکل فیصلے کر رہے ہیں تو اسکا سیاسی خمیازہ بھی بھگتنا پڑ رہا ہے، کیا ہمیں تیل کی قیمتیں بڑھانے پر لوگ ووٹ دیں گے؟

پی ٹی آئی پاکستان کے آئین و قانون کے تحت نہیں چلتی ، یہ صرف قبضہ کا قانون جانتے ہیں ، صحافیوں کے لیے پروٹیکشن بل ہماری حکومت میں لازمی منظور ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ آئی بی اے اور سی اے جے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اتنے اچھے ماحول میں بے انتہا تلخ گفتگو کی گئی، تہذیب کے دائرے میں سب نے اپنی رائے پیش کی۔

طاقت کے خلاف کھڑے ہونے والوں کو پروٹیکشن دینی ہوگی، پاکستان میں دو کمپنیاں گیس سپلائی کرتی ہیں، پورے پاکستان کی توانائی ان دو کمپنیوں پر منحصر ہے، ہمارے پاس توانائی یا گیس نہیں ہے۔