بلاول نے پیپلز بس سروس کا افتتاح کردیا، وزیراعلیٰ سندھ، وزیر ٹرانسپورٹ کیساتھ سفر، سہولتوں کا جائزہ

June 28, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین،وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے’’ پیپلز بس سروس‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، پہلے مرحلے میں یہ بس سروس ماڈل کالونی، ملیر سے ٹاور تک شروع کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، وزیر محنت سعید غنی، وزیراعلی کے مشیروقار مہدی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی اس موقع پر موجودتھے، جنہوں نے بلاول زرداری کے ساتھ بس میں سفر کیا اورمسافروں کوفراہم کی جارہی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ نے بس سروس کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں کراچی کے 7 روٹ پر230بسیں چلائی جائینگی، جبکہ 10 بسیں لاڑکانہ کے ایک روٹ پر چلائی جارہی ہیں۔

منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ اس امپورٹڈ ایئر کنڈیشنڈ بس میں کیمرے اور وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے،ایک بس میں بیک وقت 90 افراد سفر کرسکتے ہیں.

نیز خصوصی افراد کیلئے بھی جگہ مختص کی گئی ہے، ہم مزید بسیں بھی لائینگے، جنکی تعداد ہزاروں تک جائیگی، یہ عوام کی اپنی بس سروس ہے جو انکی سہولت اور آسانی کیلئے شروع کی گئی ہے.

کراچی کے لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولتیں مہیا کرنا سندھ حکومت کی ترجیح اور توجہ کا محور ہے، ہم ہر مہینے کوئی نہ کوئی بس سروس منصوبہ اور روٹس شروع کرینگے، بی آر ٹی منصوبے پر پیش رفت جاری ہے اور کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو سی پیک میں شامل کرنے کے حوالے سے بھی بات جاری ہے.

کراچی کو ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کے ضمن میں خود کفیل بنانے کیلئے تمام وسائل فراہم کیے جائینگے، ان بسوں کی مرمت اور دیکھ بھال کیلئے وفاقی حکومت کی ایک کمپنی سے 10 سال کا معاہدہ کیا گیا ہے، جسے ایڈوانس ادائیگی بھی کردی گئی ہے، بسوں کے روٹس کا جائزہ لیا گیا ہے.

ابتدائی طور پر کراچی اور لاڑکانہ میں بس سروس شروع کی جارہی ہے، جسکے بعد صوبے کے تمام اضلاع میں اس طرح کی سروس فراہم کی جائے گی، یہ عوام کی بسیں ہیں، ہنگامے اور احتجاج کے دوران انہیں نقصان پہنچایا گیا تو حکومت اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث لوگوں کے ساتھ سختی سے نمٹے گی.

ٹرانسپورٹرز بھی اس طرح کی جدید بسوں میں سرمایہ کاری کریں، حکومت بھی پیکیج دیگی،جن جن روٹس پر یہ نئی بسیں چلائی جارہی ہیں، ان روٹس پر سے ہم پرانی بسیں ہٹا دینگے۔ کوشش ہے کہ ہر ماہ نئی بس سروس شروع کریں اور ہر 15سے 20دن بعد نئے روٹس کا آغاز کریں، بسوں کیلئے تمام روٹس دیکھے جا چکے ہیں۔ اورنج لائن بھی ٹیسٹ پرہے، جلدبی آرٹی بھی شروع ہوجائیگی۔