سیریز ’کورولس عثمان‘ کے اہم کردار کا انتقال ہوگیا

June 28, 2022

ترک اداکار جنید ارکن، فائل فوٹو

عظیم سلطنت عثمانیہ پر بننے والی مشہور ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے سیکوئل ’کورولس عثمان‘ میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک اداکار جنید ارکن انتقال کرگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، جنید ارکن کو کل رات بیمار پڑنے پر استنبول کے ضلع بیشیکتاش کے ایک نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔

85 سالہ اداکار جنید ارکن کی طبیعت طبی امداد دیے جانے کے بعد بھی نہ سنبھل سکی اور وہ انتقال کرگئے۔

ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے پروڈیوسرمہمت بوزداگ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سینئر اداکار کے ہمراہ چند یادگار تصاویر شیئر کی ہیں۔

اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ہم سیریز کورولوس عثمان میں اپنے بچپن کے ہیرو اور ترک سینما کے ماسٹر اداکار جنید ارکنکے ساتھ اکٹھے ہوئے‘۔

اُنہوں نے جنید ارکن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’جنید ارکن نےترک قوم کے لیے اپنی محبت، کام کرنے کے عزم، اپنے علم اور مہربانی سے ہماری رہنمائی کی‘۔

مہمت بوزداگ نے اپنی پوسٹ کے آخر میں جنید ارکن کے انتقال پر ان کے خاندان، مداحوں اور پوری ترک قوم سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ’جنید ارکن اپنے کرداروں کی وجہ سے لوگوں کی یادوں اور دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے‘۔

خیال رہے کہ ترک اداکار جنید ارکن کو پاکستان میں سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے سیکوئل ’کورولس عثمان‘ میں’سفید داڑھی والے بابا‘ کے کردار سے شہرت حاصل ہوئی۔