قبلہ ایاز بطور رکن بورڈ آف گورنرز اسلامک یونیورسٹی بحال

June 30, 2022

فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے قبلہ ایاز کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے رکن کے عہدے پر بحال کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی، یونیورسٹی انتظامیہ نے قبلہ ایاز کو رکن بورڈ آف گورنرز کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

عدالت کی جانب سے یونیورسٹی انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف ڈاکٹر قبلہ ایاز کی درخواست پر نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت وکیل عمر اعجاز گیلانی نے کہا کہ قانون میں رکن بورڈ آف گورنرز کی برطرفی کا اختیار صرف صدر مملکت کو ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ رکن بورڈ آف گورنرز کی 2 سالہ مدت کو قانون کا تحفظ حاصل ہے، بورڈ آف گورنرز کا کام ہی انتظامیہ کا احتساب کرنا ہے، تو پھر انتظامیہ انہیں کیسے معطل کرسکتی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے قبلہ ایاز کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے رکن کے عہدے پر بحال کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 7 جولائی تک ملتوی کردی۔