بل گیٹس نے اپنی 48 سال پرانی’سی وی‘ شیئر کردی

July 02, 2022

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے اپنی 48 سال پرانی ’’سی وی‘‘ سوشل میڈیاصارفین کے ساتھ شیئر کی ہے۔

بہتر ملازمت کا حصول ایک سخت جدوجہد سے بھرپور اور وقت طلب ہوسکتا ہے اگر آپ کی سی وی نامکمل اور غیر متاثر کُن ہو تو ایک اچھی اور پُرکشش سی وی ہی آپ کی من پسند ملازمت کے حصول میں پہلی سیڑھی ثابت ہوسکتی ہے۔


دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس نے ملازمت کے خواہش مند نوجوانوں کے اعتماد کو بڑھانے کی خاطر اپنی پہلی سی وی جو انہوں نے ہارورڈ کالج کے پہلے سال میں لکھی تھی سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ شیئر کر دی۔

انہوں نے جاب تلاش کرنے والی ویب سائٹ لنک ڈن پر 48 سال پرانی سی وی شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’چاہے آپ نے حال ہی میں گریجویٹ کیا ہو یا پھر آپ کالج ڈراپ آوٹ ہوں،مجھے امید ہے کہ میری 48 سال پرانی سی وی کے مقابلے آپ کی سی وی زیادہ بہتر ہوگی‘‘

سوشل میڈیا صارفین نے بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا اور 48 سال پرانی ہونے کے باوجود اسے بالکل پرفیکٹ قرار دیا۔