انیل کپور کے بیٹے کی بالی ووڈ فلموں پر تنقید، نئی پیکنگ میں پرانا سامان قرار دے دیا

July 02, 2022

بھارتی فلموں کے ہر فن مولا اداکار انیل کپور کے بیٹے ہرش وردھن کپور نے بالی ووڈ فلموں کو نئی پیکنگ میں پرانا سامان قرار دے دیا۔

ویسے تو انیل کپور کے ساتھ ساتھ ان کی بیٹی اداکارہ سونم کپور، بھائی سنجے کپور اور آنجہانی بھابھی سری دیوی نے بھی انہیں بالی ووڈ فلموں سے اپنا نام بنایا تاہم بیٹے ہرش وردھن کے ہندی فلموں سے متعلق خیالات کچھ مختلف ہیں۔

حال ہی میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز فلم "تھر" سے اپنا ڈیبیو کرنے والے ہرش نے کہا کہ میں نے کئی فلموں کو پرانی فلم کا چربہ دیکھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے یہ فلمیں بورنگ لگتی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ بس ایک فارمیٹ میں تمام اداکار ایک دوسرے سے تبدیل ہوتے ہیں۔

انیل کپور کے بیٹے کا کہنا تھا کہ ان فلموں میں کچھ نیا پن نہیں ہے، یہ بس ایک ہی طرح کی فلموں کی سائیکل ہے جس میں یہاں وہاں تھوڑی بہت تبدیلیاں ہوجاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اچھے مواد کی قلت نہیں ہے، لیکن ایسے موضوع یا تو رک جاتے ہیں یا پھر "بڑے اسٹارز" کو چلے جاتے ہیں۔