• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنی آخری رسومات بھارت میں چاہتی ہوں جبکہ اپنی راکھ آسٹریا میں بیٹے کیساتھ دفن کیے جانے کی خواہش ہے، سیلینا جیٹلی

---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی اداکارہ سیلینا جیٹلی نے اپنے مرحوم بیٹے شمشیر کی سالگرہ پر جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔

سیلینا جیٹلی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنی زندگی کے قدرتی اختتام کے بعد بھارت میں اپنی آخری رسومات چاہتی ہوں جبکہ اپنی راکھ آسٹریا میں بیٹے شمشیر کے ساتھ دفن کیے جانے کی خواہش رکھتی ہوں۔

سیلینا جیٹلی نے بتایا کہ میں نے رواں سال آسٹریا کے دورے کے دوران ایک ویڈیو ریکارڈ کی تھی کیونکہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ میں دوبارہ وہاں کب جا سکوں گی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ایک ماں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بچے کے قریب رہے جبکہ میں زیادہ دیر تک اپنے بچے کو اپنی بانہوں میں نہیں رکھ سکی۔


اداکارہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ میں اپنے بیٹے کی جدائی پر دل شکستہ ہوں، اپنے دیگر بچوں کے لیے مضبوط رہنے اور زندگی جاری رکھنے کی کوشش کر رہی ہوں، شمشیر نے دنیا میں آنے کے کچھ ہی عرصے بعد مجھے چھوڑ دیا تھا لیکن میرا بیٹا کبھی میرے دل سے دور نہیں ہوا۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھے آج بھی اپنے بیٹے آرتھو کی آنکھوں اور باتوں میں شمشیر کی کمی محسوس ہوتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ شمشیر اپنے بھائی اور خود کی نگہبانی کر رہا ہے۔

سیلینا جیٹلی نے یہ بھی کہا کہ میں نے اپنے خاندان کے ساتھ اپنا مستقبل بہتر بنانے کے لیے اپنا ملک، والدین، کام اور مانوس ماحول چھوڑا اور آسٹریا آئی لیکن اب بعض اوقات مجھے عدالت کے سامنے ان جذبات کو الفاظ اور دستاویزات کے ذریعے ثابت کرنا پڑتا ہے جو ایک ماں بننے کے بعد میری زندگی کا حصہ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اداکارہ سیلینا جیٹلی کی شادی آسٹریا کی کاروباری شخصیت اور ہوٹل مالک پیٹر ہاگ سے ہوئی تھی، جوڑے کے ہاں مارچ 2012ء اور 2017ء میں جڑواں بیٹے پیدا ہوئے تھے تاہم ان میں سے ایک، شمشیر، پیدائشی دل کے عارضے کے باعث پیدائش کے کچھ ہی عرصے بعد انتقال کر گیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید