امریکی اہلکار سے معذرت، دوغلی پارٹی کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا، حسن مرتضیٰ

July 03, 2022

تصویر: فیس بک

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور صوبائی وزیر پنجاب حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ امریکی اہلکار سے معذرت، دوغلی پارٹی کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں حسن مرتضیٰ نے استفسار کیا کہ ڈونلڈ لُو سے دوستی کی پیشکش کرنے والے خود کو میر جعفر کہیں یا میر صادق؟

انہوں نے کہا کہ امریکی اہلکار سے معذرت، دوغلی پارٹی کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا، یہ تو ’ہم کوئی امریکا کے غلام ہیں‘ کہتے نہیں تھکتے تھے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کپتان اور پیرنی کے کرتوت پوری قوم پر واضح ہو رہے ہیں، آئی ایم ایف کا اصل پٹے دار نیازی ہے، جس کی سزا قوم بھگت رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ توشہ خانے کا چور اپنے مخالفین پر گند اچھال کر سُرخرو نہیں ہوسکتا، تحریک انتشار کو تباہ حال معیشت میں بہتری پسند نہیں، تم مانو یانہ مانو، اتحادی حکومت کو اپنا مینڈیٹ منوانا آتا ہے۔