برطانوی آرمی کا ٹوئٹر اور یوٹیوب اکاؤنٹ ہیک، تحقیقات جاری

July 04, 2022

برطانوی آرمی کا ٹوئٹر اور یوٹیوب اکاؤنٹ ہیک، تحقیقات جاری، فائل فوٹو

برطانوی آرمی کے ٹوئٹر اور یوٹیوب اکاؤنٹس گزشتہ روز اچانک ہیک کر لیے گئے، جن کا کنٹرول کچھ وقت کے بعد برطانوی فوج نے دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔

برطانوی فوج نے اپنے اکاؤنٹس پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے بعد ٹوئٹ کر کے اکاؤنٹس ہیک ہونے کے واقعے پر معذرت کی اور اس حوالے سے مکمل تحقیقات کروانے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔

ہیکرز نے برطانوی آرمی کے ٹوئٹر اور یوٹیوب اکاؤنٹس کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد ان دونوں اکاونٹس کو کرپٹو کرنسی اور نان فنجیبل ٹوکنز (NFTs) کے بارے میں معلومات شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا۔

برطانوی آرمی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سےکرپٹو کرنسی کے بارے میں متعدد ٹوئٹس کیے گئے۔

جبکہ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر موجود برطانوی آرمی کے آفیشل اکاؤنٹ کا نام تبدیل کر کے ’آرک انویسٹ‘ رکھ دیا گیا اور کرپٹو کرنسی کے بارے میں کچھ ویڈیوز بھی شیئر کی گئیں۔

اس معاملے پر عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے لیے ایک مقبول کمپنی ’آرک انویسٹ‘کی جانب سے اب تک کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔