عمران کی سیاست ختم ہورہی ہے، چور، ڈاکو کہنے والا خزانہ کھا گیا، مریم نواز

July 05, 2022

لاہور (جنگ نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی کے دشمن کا نام عمران خان ہے، پورے ملک سے اس کی سیاست کا صفایا ہونے جا رہا ہے، 17جولائی کو پنجاب کی ترقی کی جنگ جیتیں گے۔

چاہتے ہیں غریب پر بوجھ کم سے کم پڑے، چور ڈاکوں کہنے والا ملک کا خزانہ کھا گیا۔

مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، لوگوں کو چور اور ڈاکو کہنے والا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا وارداتیا نکلا، تاریخ کے بڑے اسکینڈل عمران خان کے دور میں آئے۔

خزانہ خالی ہے مگرشہباز شریف نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستا آٹا دیا ، ہماری کوشس ہے غریب کا چولہا جلتا رہے، عمران نے جی پیک بنایا یعنی گوگی پنکی اکنامک کوریڈور۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے لاہور کے حلقے پی پی 170میں ضمنی الیکشن سے قبل ویلنشیا ٹاؤن میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جہاں پر مشیر برائے وزیراعظم عون چوہدری کے بھائی محمد ذوالقرنین مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں ۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ سب کو لندن میں سے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی جانب سے سلام پیش کرتی ہوں، جس محبت سے میرا استقبال کیا میں آپ سب کی شکرگزار ہوں۔

پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ دل پر پتھر رکھ کیا گیا، پنجاب میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو کبھی بل نہیں آئے گا۔ چار سالوں سے صرف امیروں کو نوازا جاتا تھا۔

ن لیگ کی عوامی حکومت آتے ہی آغاز غریب سے کیا ہے، چاہتے ہیں غریب پر بوجھ کم سے کم پڑے، ملک کا خزانہ بنی گالہ والے کھا گئے، ہماری کوشس ہے غریب کا چولہا جلتا رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیں کہتا تھا امریکا کے غلام ہیں، 4سال تک جب ان کی حکومت تھی تب کوئی امریکی سازش نہیں تھی۔

اپنے جلسوں میں امریکی عہدیدا ڈونلڈ لو کیخلاف باتیں کرتا رہا۔