عید پر کورونا سے بچاؤ کیلئے NCOC کی گائیڈ لائنز جاری

July 05, 2022

این سی او سی نے نمازِ عید کے دوران نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کر دی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں۔

’’بیمار، عمر رسیدہ افراد، بچے نمازِ عید میں شرکت نہ کریں‘‘

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے نئیگائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ علماء عید کے خطبے کا دورانیہ کم رکھیں تاکہ لوگ کم وقت کے لیے ایک جگہ قیام کریں۔

نئی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ بیمار، عمر رسیدہ افراد اور بچے عید کی نماز میں شرکت نہ کریں، نمازِ عید کے دوران نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھا جائے۔

’’نمازِ عید کھلی جگہ پر پڑھائی جائے‘‘

این سی او سی کی نئی گائیڈ لائنز کے مطابق عید الاضحیٰ پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں، عید کی نماز کورونا پروٹوکولز پر عمل کرتے ہوئے کھلی جگہ پر پڑھائی جائے۔

نئی گائیڈ لائنز میں این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ مساجد کے اندر عید کی نماز کے وقت تمام دروازے کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں اور ایک مقام پر 2 سے 3 دفعہ کم تعداد میں لوگوں کے ساتھ عید کی نماز پڑھائی جائے۔

’’انفرادی کے بجائے اجتماعی قربانیاں کی جائیں‘‘

قربانی کے حوالے سے این سی او سی کا کہنا ہے کہ اجتماعی قربانیوں کے لیے کورونا پروٹوکرلز پر سختی سے عمل کیا جائے اور انفرادی کے بجائے اجتماعی قربانیاں کی جائیں۔

نئی گائیڈ لائنز میں این سی او سی نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ قربانی کی جگہ رہائشی علاقوں سے دور بنائی جائے۔