نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے فن لینڈ اور سوئیڈن کی شمولیت کو تاریخی موقع قرار دے دیا

July 05, 2022

نیٹو کے ممبر ممالک کے سفیروں نے فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کے لیے (Accession Protocol) 'الحاق کی دستاویز' پر دستخط کر دیے۔ دستخط کرنے کی تقریب یورپی دارالحکومت برسلز میں نیٹو ہیڈکوارٹرز میں ہوئی۔

اس موقع پر فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاوسٹو اور سوئیڈن کی وزیر خارجہ آن لِند بھی موجود تھیں۔ بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیٹو کے سیکریٹری جنرل یین اسٹالٹن برگ نے دونوں ممالک کو مبارکباد دی۔

انہوں نے آج کے دن کو نیٹو، دونوں ممالک اور اتحادی ممالک کی مشترکہ سلامتی کے لیے تاریخی لمحہ قرار دیا۔ اور کہا کہ گزشتہ ہفتے میڈرڈ سمٹ میں اتحادی رہنماؤں نے ترکی، فن لینڈ اور سوئیڈن کے درمیان سہ فریقی معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں ممالک کو نیٹو میں شمولیت کی دعوت دینے پر اتفاق کیا تھا۔ آج اس فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے الحاق کی دستاویز پر بھی باقاعدہ دستخط کر دیے گئے ہیں۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ نیٹو کے دروازے ان تمام یورپی جمہوریتوں کے لیے کھلے ہیں جو ہماری مشترکہ سلامتی میں حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جب ہمیں دہائیوں کے وقفے کے بعد ایک تحفظ کے بحران اور ایک بڑی مشکل کا سامنا ہے، ایسے میں نیٹو کی بڑی ٹیبل کے ارد گرد موجود 32 اقوام کے ساتھ ہم اور ہمارے لوگ پہلے سے زیادہ محفوظ اور مضبوط ہوں گے۔