• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم کا خطرناک سین حقیقی سانحے میں تبدیل، اسٹنٹ مین موہن راج زندگی کی بازی ہار گیا

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

بھارت کے 52 سالہ معروف اسٹنٹ آرٹسٹ ایس ایم راجو عرف موہن راج فلم ویٹووم کی شوٹنگ کے دوران ایک خطرناک کار اسٹنٹ کرتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ 

حادثہ اُس وقت پیش آیا جب وہ ایک کار ٹاپلنگ (پلٹنے) کا سین انجام دے رہے تھے، ویڈیو کے مطابق گاڑی تیز رفتاری سے جا رہی تھی اور پھر الٹ گئی، سیٹ پر موجود ٹیم فوری طور پر انہیں گاڑی سے نکال کر اسپتال لے گئی، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

یہ واقعہ ناگاپٹنم کے ویزھنڈہماوادی گاؤں میں پیش آیا جہاں فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسٹنٹ مین شوٹنگ سے قبل سینے میں درد کی شکایت بھی کر چکے تھے۔

معروف اداکار وشال نے ایک جذباتی پوسٹ میں لکھا کہ یہ بات ہضم کرنا مشکل ہے کہ میرے پرانے ساتھی اسٹنٹ آرٹسٹ راجو اس دنیا سے چلے گئے، انہوں نے میری کئی فلموں میں خطرناک اسٹنٹس کیے تھے، وہ واقعی بہادر انسان تھے، میں صرف ٹوئٹ تک محدود نہیں رہوں گا بلکہ ان کے خاندان کا مستقبل سنوارنے میں اپنا کردار ادا کروں گا۔

اسٹنٹ کوریوگرافر سلوا نے بھی انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہماری انڈسٹری کے عظیم اسٹنٹ مین، خاص طور پر کار جمپنگ میں ماہر ایس ایم راجو آج ہم سے بچھڑ گئے، ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید