شہزادہ ہیری اور برطانوی حکومت سیکیورٹی کے معاملے پر عدالت میں آمنے سامنے

July 07, 2022

شہزادہ ہیری—فائل فوٹو

شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری اہلیہ میگھن مارکل اور بچوں کو برطانیہ میں سیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار پر وزارتِ داخلہ کا عدالت میں سامنا کرنے لیے تیار ہیں۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سماعت میں اس بات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا کہ آیا شہزادہ ہیری اس کیس کو آگے بڑھا سکتے ہیں یا نہیں۔

کیس کی سماعت کے لیے شہزادہ ہیری کے عدالت میں ذاتی طور پر پیش ہونے کی توقع نہیں کی جا رہی۔

واضح رہے کہ شہزادہ ہیری نے اپنی فیملی کے ہمراہ ملکہ برطانیہ کی پلاٹینیم جوبلی کی تقریبات میں شرکت کے لیے امریکا سے برطانیہ آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے برطانیہ میں اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور بچوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ وہ اپنی یہ خواہش صرف اس وجہ سے پوری نہیں کر پا رہے کیونکہ اُنہیں اپنے بچوں کے لیے برطانیہ میں سیکیورٹی چاہیے جس کی وہ ذاتی طور پر ادائیگی کرنا چاہتے ہیں۔

شہزادہ ہیری کی اس درخواست کو برطانوی وزارتِ خارجہ نے مسترد کر دیا تھا، جس کے بعد اُنہوں نے برطانوی حکومت کے اس انکار کے خلاف عدالتی کارروائی کی ہے۔

اس حوالے سے برطانوی حکومت کی نمائندگی کرنے والے وکیل رابرٹ پالمر نے ہیری کے دعوے کو ناقابلِ بحث اور ناقابلِ غور قرار دیا ہے۔

پالمر نے ایک تحریری درخواست میں کہا ہے کہ ہیری کی پولیس سیکیورٹی کی ادائیگی خود ادا کرنے کی پیشکش بلاجواز ہے ،کیونکہ ذاتی تحفظ کے لیے پولیس سیکیورٹی نجی ادائیگی کی بنیاد پر نہیں ہوتی۔

واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل 2020ء میں اپنی شاہی ذمے داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد کیلیفورنیا چلے گئے تھے، جس کی وجہ سے اب وہ برطانیہ میں ٹیکس دہندگان کے ادا کیے گئے ٹیکس پر سیکیورٹی حاصل نہیں کر سکتے۔