• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری برطانوی میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری برطانیہ کے ہوم آفس کی جانب سے اپنے بچوں کو برطانیہ میں سیکیورٹی کے لیے ادائیگی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد اس معاملے پر عدالتی نظرثانی کے خواہاں ہونے کی وجہ سے  آج کل برطانوی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

اُنہیں برطانوی میڈیا اور برطانیہ میں بادشاہت کے حامی شاہی مبصرین کی جانب سے سیکیورٹی کا مطالبہ کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

شاہی مبصر انجیلا لیون کا اس معاملے پر لندن ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ’برطانیہ میں خامیاں ہیں لیکن وہ اپنے شہریوں کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس بات سے انکار کرنا توہین ہے‘۔

اُنہوں نےمزید کہا کہ’ہمارے پاس ایک غیر شاہی فرد کی ڈیمانڈ پر 24 گھنٹے کے لیے سیکیورٹی نہیں ہو سکتی جب کہ افغانستان میں لڑنے والے 100 سابق فوجی مرد اور خواتین بغیر کسی سیکیورٹی کے رہ رہے ہیں‘۔ 

اُنہوں کہا کہ’ ہاں خاص موقعوں کی بات مختلف ہے‘۔

انجیلا نے مزید کہا کہ’اگر ہیری ہوم آفس کے خلاف اپنا مقدمہ جیت جاتے ہیں، تو کیا ان کے دوست، خاندان اور خیراتی ادارے ان کا خیر مقدم کریں گے جن سے وہ یہاں آکر ملنا چاہتے ہیں‘۔

خیال رہے کہ شہزادہ ہیری نے اپنے بچوں 3 سالہ آرچی اور 8 ماہ کی بیٹی لیلیبٹ کو اپنے وطن، خاندان اور قریبی دوستوں سے ملاقات کے لیے لانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ وہ اپنی یہ خواہش صرف اس وجہ سے پوری نہیں کر پا رہے کیونکہ اُنہیں اپنے بچوں کے لیے برطانیہ میں سیکیورٹی چاہیے جس کی وہ ذاتی طور پر ادائیگی کرنا چاہتے ہیں۔

شہزادہ ہیری کی اس درخواست کو مسترد کردیا ہےاور اُنہوں نے برطانوی حکومت کے اس انکار کے خلاف عدالتی کارروائی کی ہے۔ 

اُنہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ برطانیہ میں خود کو محفوظ نہیں سمجھتے اور اگر بغیر سیکیورٹی وہ وطن اپنے بچوں کو ساتھ لے کر آتے ہیں تو یہ خطرناک ہے اور اس لیے وہ اپنے بچوں کی سیکیورٹی کے لیے خود ادائیگی کرنا چاہتے ہیں۔

اس حوالے سے برطانوی حکومت کی نمائندگی کرنے والے وکیل رابرٹ پالمر نے ہیری کے دعوے کو ناقابل بحث اور ناقابل غور قرار دیا ۔

پالمر نے ایک تحریری درخواست میں کہا کہ ہیری کی پولیس سیکیورٹی کی ادائیگی خود ادا کرنے کی پیشکش بلاجواز ہے ،کیونکہ ذاتی تحفظ کے لیے پولیس سیکیورٹی نجی ادائیگی کی بنیاد پر نہیں ہوتی۔

واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل 2020 میں اپنی شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد کیلیفورنیا چلے گئےتھے، جس کی وجہ سے اب وہ برطانیہ میں ٹیکس دہندگان کے ادا کیے گئے ٹیکس پر سیکیورٹی حاصل نہیں کرسکتے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید