پاک فوج کی زمینی ٹیم کوہ پیما شہروز کاشف اور فضل کے قریب ہے: آئی ایس پی آر

July 07, 2022

—فائل فوٹو

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاک فوج کی زمینی ٹیم کوہ پیما شہروز کاشف اور فضل کے قریب ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک فوج کل سے نانگا پربت پر پھنسے کوہ پیماؤں کو نکالنے کے لیے آپریشن کر رہی ہے، کوہ پیما شہروز کاشف اور فضل کو نکالنے کے لیے ہائی رسک ریسکیو آپریشن کیا جارہا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر، گراؤنڈ سرچ ٹیم،پورٹرز اور ریسکیورز آپریشن میں شریک ہیں، آرمی پائلٹوں نے جرأت مندانہ کوشش کرتے ہوئے خراب موسم میں 2 ہیلی مشن کیے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ گھنے بادلوں اور بہت زیادہ اونچائی کی وجہ سے کوہ پیماؤں کو نہیں اٹھایا جا سکا، آرمی کے پائلٹ پھنسے کوہ پیماؤں کو نکالنے کے لیے آج دوبارہ پرواز کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ زمینی ٹیم پھنسے کوہ پیماؤں کے قریب ہے جو 21 ہزار فٹ بلندی پر کیمپ 3 میں ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ کوہ پیماؤں کو ریسکیو کرنے کے لیے زمینی ٹیم نے کیمپ 2 سے کوشش کی۔

واضح رہے کہ شہروز کاشف نے 2 روز قبل نانگا پربت چوٹی سر کی تھی جس کے بعد وہ نانگا پربت سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے تھے۔

شہروز کاشف کا نانگا پربت سر کرنے کے بعد واپسی پر اپنے والدین سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔